شعبہ سے تعارف
اساتذہ و منتظمین کی کوششوں مہتمم اعلی کی توجہات سے اس شعبہ میں عامہ سال اول سے دورہ حدیث تک کی مضبوط و مستحکم دینی تعلیم بڑی جانفشانی و تندہی کے ساتھ آٹھ سال میں مکمل کرائی جاتی ہے ۔ یہ شعبہ حد درجہ فعال و متحرک ہے ۔ درجہ متوسطہ سے دورہ حدیث تک کی کلاسیں روز بروز عروج و فروغ پا رہی ہیں درس نظامی کے ماہرو غواص اساتذہ کرام نے طلباء کی ذہنی کیفیات کو مد نظر رکھ کر نہایت سہل اور آسان طریقہ تعلیم ترتیب دیا ہے جس سے چھوٹے بڑے تمام طلباء مستفید ومستنیر ہو رہے ہیں ۔
درس نظامی کے نصاب میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے نصاب تعلیم کی رعایت کے ساتھ وقت کے تقاضوں کے مطابق تمام درجات میں تجوید بھی ایک لازمی مضمون کی حیثیت سے داخل نصاب ہے ۔
درس نظامی سے فراغت حاصل کرنے پر تنظیم المدارس کی طرف سے الشھادۃ العالمیہ کی جو سند عطا کی جاتی ہے وہ حکومت پاکستان کے ہاں ڈبل ایم اے (ایم اے عربی ،اویم اے اسلامیات) کے مساوی تسلیم شدہ ہے ہزاروں طلباٗ اسلامی اقدار کی تقویت بدعات و خرافات کی بیخ کنی کے لیے غلو و شدت ،افراط وتفریط،تکفیر و تفسیق جیسی مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ کر مصروف عمل ہیں ۔
تعلیمی دن کا نظام الاوقات
طلباء کواذان فجر سے آدھا گھنٹہ پہلے بیدار کیا جاتا ہے نماز فجر باجماعت ادا کرنے کے بعد ختم خواجگان کا اہتمام ہوتا ہے ،ختم خواجگان کے بعد ورزشی لباس پہن کر طلباء ورزش کرتے ہیں ورزش کے بعد طلباء اسمبلی سے پہلے ناشتہ اور غسل وغیرہ کر کے تیار ہو جاتے ہیں ،اسمبلی پر وقار طریقے سے منعقد ہوتی ہے ،تلاوت،قصیدہ بردہ شریف، نعت اور اصلاحی بیان ہوتا ہے ،اسمبلی کے بعد طلباء اپنے کلاس رومز کی طرف انتہائی منظم اور سلیقے سے تشریف لے جاتے ہیں ،چالیس چالیس منٹ پر مشتمل سات پریڈ ہوتے ہیں چار پریڈ کے بعد پندرہ منٹ کا وقفہ ہوتا ہے ۔جس میں طلباء وضو وغیرہ کر لیتے ہیں ،پریڈ کے اختتام پر چھٹی کی بل ہوتی ہے ،اس کے بعد دوپہر کا کھانا ،قیلولہ اور نماز ظہر ادا کی جاتی ہے نماز ظہر کے بعد طلباء روزانہ کے اسباق کا نہایت انہماک کے ساتھ تکرار کرتے ہیں ۔ جوتربیت یافتہ ،قابل اور تجربہ کار اساتذہ کی زیر نگرانی ہوتا ہے ۔ اذان عصر سے دس منٹ قبل ائمہ مساجد اور نماز عصر کی ادائیگی کے بعد غیر مقیم طلباء گھروں کو لوٹ جاتے ہیں ۔جبکہ مقیم طلباء کو عصر تا مغرب کھیلنے اور ورزش کرنے کی رخصت ہوتی ہے نماز مغرب کے بعد شام کے کھانے کا وقت دیا جاتا ہے جو تقریبا ۴۰ منٹ پر محیط ہے ۔ شام کے کھانے کے بعد عصری علوم اور کمپیوٹر کلاسز ہوتی ہیں ،عصری علوم پڑھنے والے طلباء ان کلاسوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ دیگر طلباء مطالعہ کے لیے پر وقت حال یں حاضر ہو جاتے ہیں ،نماز عشاء کا وقت ۹:۴۵ پر ہے ،نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد سورہ ملک کی تلاوت کی جاتی ہے ،اس کے بعد طلباء کمروں میں جا کر سو جاتے ہیں ۔ اساتذہ کی نگرانی کے ساتھ ساتھ رات کو وارڈن متعین ہوتا ہے جو رات بھر ڈیوٹی سر انجام دیتا ہے